Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ناتواں عشق نے آخر کیا ایسا ہم کو

شبلی نعمانی

ناتواں عشق نے آخر کیا ایسا ہم کو

غم اٹھانے کا بھی باقی نہیں یارا ہم کو

درد فرقت سے ترے ضعف ہے ایسا ہم کو

خواب میں بھی ترے دشوار ہے آنا ہم کو

جوش وحشت میں ہو کیا ہم کو بھلا شکر لباس

بس کفایت ہے جنوں دامن صحرا ہم کو

رہبری کی دہن یار کی جانب خط نے

خضر نے چشمۂ حیوان یہ دکھایا ہم کو

دل گرا اس کے زنخداں میں فریب خط سے

چاہ خس پوش تھا اے وائے نہ سوجھا ہم کو

واہ کاہیدگیٔ جسم بھی کیا کام آئی

بزم میں تھے پہ رقیبوں نے نہ دیکھا ہم کو

قالب جسم میں جاں آ گئی گویا شبلیؔ

معجزہ فکر نے اپنی یہ دکھایا ہم کو