Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ناصحو دل کس کنے ہے کس کو سمجھاتے ہو تم

میر سوز

ناصحو دل کس کنے ہے کس کو سمجھاتے ہو تم

کیوں دوانے ہو گئے ہو جان کیوں کھاتے ہو تم

مجھ سے کہتے ہو کہ میں ہرگز نہیں پیتا شراب

میں تمہارا دوست یا دشمن کہ شرماتے ہو تم

اور جو بیٹھے رہیں تو ان سے تم محظوظ ہو

جب ہمیں آتے ہیں تو گھبرا کے اٹھ جاتے ہو تم

لو جی اب آرام سے بیٹھے رہو جاتے ہیں ہم

پھر نہ آویں گے کبھی کاہے کو جھنجھلاتے ہو تم

رات کو تم جس جگہ تھے ہم کو سب معلوم ہے

جھوٹ کیوں بکتے ہو کاہے کو قسم کھاتے ہو تم

منہ بنا میری طرف آئینے کا بوسہ لیا

واہ وا اچھی طرح سے روز ڈہکاتے ہو تم

ایک تو میں آپ ہوں بے زار اپنی جان سے

دوسرے بک بک کے میرے جی کو گھبراتے ہو تم

اے کبوتر اے صبا اے نالہ اے فریاد آج

کہیو دلبر سے اگر کوچے تلک جاتے ہو تم

سوزؔ کا دل خوش تو ہو جاتا ہے وعدوں سے میاں

پر غضب یہ ہے کہ وقت ہی پر مکر جاتے ہو تم