Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نہ بدلنا تھا نہ بدلا دل شیدا اپنا

عزیز حیدرآبادی

نہ بدلنا تھا نہ بدلا دل شیدا اپنا

رنگ ہر وقت بدلتی رہی دنیا اپنا

صورت آتش خاموش جلا کرتا ہوں

دیکھتا ہوں شب غم آپ تماشا اپنا

زخم نے داد نہ دی درد نے فریاد نہ کی

رہ گیا تھام کے قاتل بھی کلیجہ اپنا

حسن ہے داد خدا عشق ہے امداد خدا

غیر کا دخل نہیں بخت ہے اپنا اپنا

وہ سنیں یا نہ سنیں نالہ و فریاد عزیزؔ

آپ ہرگز نہ کریں ترک تقاضا اپنا