Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نام لو گے جو یاں سے جانے کا

میر تسکین دہلوی

نام لو گے جو یاں سے جانے کا

آپ میں پھر نہیں میں آنے کا

ہم کو طوف حرم میں یاد آیا

لڑکھڑانا شراب خانے کا

دم لے اے چشم تر کہ دیکھوں میں

عالم اس گل کے مسکرانے کا

دیکھ سکتے نہیں وہ میرا حال

کیا سبب کہئے مسکرانے کا

دل صد چاک کی بنا صورت

زلف پر دل گیا ہے شانے کا

جلوہ اس ضد سے وہ دکھا دیں گے

ہم کو دعویٰ ہے تاب لانے کا

سن کے وہ حال کہتے ہے تسکیںؔ

نام بھی کچھ ہے اس فسانے کا