Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نایاب ہے سکون دل بے قرار میں

واجد علی شاہ

نایاب ہے سکون دل بے قرار میں

بسمل کی ہے تڑپ مرے کنج مزار میں

گلزار دہر میں چمن بے خزاں ہوں میں

لالے کا رنگ ہے جگر داغ دار میں

کانٹا ملا ہے گونج کا زلفوں کا جال ہے

بالی کی مچھلی ہاتھ لگی ہے شکار میں

نو لاکھ کی جبھی ہوئی قیمت اسے نصیب

موتی تھے میرے آبلوں کے ان کے ہار میں

ایام عیش میں رخ دولت سے ہے الگ

افسوس پر ہمارے کٹے ہیں بہار میں

جب سے اڑی ہے خاک الم رشک ماہتاب

اک آسمان اور ہے میرے غبار میں

دھوئی ہوئی ہے دودھ سے تیری زبان صاف

اخترؔ تو ہی ہے شاعروں کے اعتبار میں