Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نہ مانا میرا کہنا دل گیا کیوں داد خواہی کو

عاشق اکبرآبادی

نہ مانا میرا کہنا دل گیا کیوں داد خواہی کو

سزا دیتے ہیں واں مجرم بنا کر بے گناہی کو

ہماری بے کسی نے چھان ڈالا ہے جہاں سارا

سوا تیرے ٹھکانا ہی نہیں ہے بے پناہی کو

قیامت میں وہ مجھ کو دیکھ کر کہتے ہیں غیروں سے

خدا کی شان ہے عاشق چلے ہیں داد خواہی کو

اڑائی خاک اس کی خوب جا کر کوہ و صحرا میں

دل وحشی نے کیا الٹے دیے چکر تباہی کو

اجڑ جائے گا جس دن کارخانہ بادہ خواروں کا

بہت روئے گا ساقی کشتیٔ مے کی تباہی کو

برا ہو رشک کا رہبر سمجھ کر دل سے جو پوچھا

عدم کا راستہ بتلا دیا گم گشتہ راہی کو