Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نہ نکلا منہ سے کچھ نکلی نہ کچھ بھی قلب مضطر کی

آغا شاعر قزلباش

نہ نکلا منہ سے کچھ نکلی نہ کچھ بھی قلب مضطر کی

کسی کے سامنے میں بن گیا تصویر پتھر کی

خدا سے کیوں نہ مانگوں واہ میں بندوں سے کیا مانگوں

مجھے مل جائے گی جو چیز ہے میرے مقدر کی

تصور چاہئے اے شیخ سب کا ایک ایما ہے

صدا ہے پردۂ ناقوس میں اللہ اکبر کی

دل راحت طلب کو قبر میں کیا بے قراری ہے

مجھے گھبرائے دیتی ہے اداسی اس نئے گھر کی

کلیجے میں ہزاروں داغ، دل میں حسرتیں لاکھوں

کمائی لے چلا ہوں ساتھ اپنے زندگی بھر کی

سنبھل کر دیکھنا آرائشوں کے بعد آئینہ

یہ آئینہ نہیں ہے اب یہ ٹکڑے ہے برابر کی

مرے اشعار شاعرؔ داغ و آصف جاہ سے پوچھو

کہ شاہ و جوہری ہی جانتے ہیں قدر گوہر کی