Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نہ قطرہ کم ہے نہ کافی تمام مے خانہ

ناطق لکھنوی

نہ قطرہ کم ہے نہ کافی تمام مے خانہ

جو ظرف جس کا ہے اس کا وہی ہے پیمانہ

اثر ہے سب پہ مئے عشق کا جداگانہ

کسی کو نشہ نہیں ہے کوئی ہے دیوانہ

تجلیوں میں ہو تقسیم خاک دل کیوں کر

ہزار شمع فروزاں اور ایک پروانہ

بیان زخم جگر پر وہ مسکراتے ہیں

ہنسی ہنسی میں بدلتے ہیں رنگ افسانہ

کسی کے زخم سے ملتا نہیں کسی کا زخم

تری نظر کے ہیں رخ کس قدر جداگانہ

ہر ایک ذرہ شرابی ہر ایک قطرہ شرابی

تمام عالم امکاں ہے ایک مے خانہ

جہاں نما تو ہے ساقی نما نہیں ناطقؔ

بدل کے لے گیا جمشید میرا پیمانہ