Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نہ زندہ نہ مردہ نہ دنیا نہ دیں کا

میر محمد سلطان عاقل

نہ زندہ نہ مردہ نہ دنیا نہ دیں کا

مجھے تو نے ظالم نہ رکھا کہیں کا

عبث امتحاں میں لگاتے ہو وقفہ

بھروسا ہے کیا میری جان حزیں کا

مجھے گھر میں گردش ہے پتلی کی صورت

یہ اعجاز ہے چشم سحر آفریں کا

پرانا نہ فتنہ ترے گھر سے اٹھا

نیا آسماں ہے مگر اس زمیں کا

کبھی میرے تن میں کبھی اس کے گھر میں

یہی شغل ہے میری جان حزیں کا

غضب ہے مری اس سے تکرار وعدہ

ستم ہے جو موقع ملا اب نہیں کا

سنا تو نے عاقلؔ عجب رات گزری

محبت کا مذکور نکلا کہیں کا