Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نہ تو میں حور کا مفتوں نہ پری کا عاشق

پیر شیر محمد عاجز

نہ تو میں حور کا مفتوں نہ پری کا عاشق

خاک کے پتلے کا ہے خاک کا پتلا عاشق

سخت جانی سے فقط میں ہی رہا ہوں زندہ

مر گئے ورنہ غم ہجر سے کیا کیا عاشق

سرو و قمری گل و بلبل ہیں اسی کے جلوے

آپ معشوق ہے وہ آپ ہے اپنا عاشق

عشق کامل میں تو حاجت عمل حب کی نہیں

قیس معشوق بنا ہو گئی لیلا عاشق

بند آنکھیں تھیں ابھی مجھ کو جو لایا صیاد

نہ تو ہوں سرو کا وارفتہ نہ گل کا عاشق

پہلے ہی کاتب تقدیر نے لکھا تھا ہمیں

تیرا بندہ ترا فدوی ترا رسوا عاشق

آرزو ہے مری میت پہ وہ روئے کہہ کر

ہے یہ عاجزؔ مرا شیدا مرا پیارا عاشق