Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نہ ہم دعا سے اب نہ وفا سے طلب کریں

Mir Hasan (1727–1786)

نہ ہم دعا سے اب نہ وفا سے طلب کریں

عشق بتاں میں صبر خدا سے طلب کریں

دل خاک ہو گیا ہے تری رہ گزار میں

گر جا سکیں وہاں تو صبا سے طلب کریں

آخر خوشی تو عشق سے حاصل نہ کچھ ہوئی

ہم اب غم و الم ہی بلا سے طلب کریں

غمزے نے لے کے دل کو ادا کے کیا سپرد

غمزے سے دل کو لیں کہ ادا سے طلب کریں

دولت جو فقر کی ہے سو ہے اپنے دل کے پاس

وہ چیز یہ نہیں کہ گدا سے طلب کریں

دروازہ گو کھلا ہے اجابت کا پر حسنؔ

ہم کس کس آرزو کو خدا سے طلب کریں