Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نہیں ہے اشک سے یہ خون ناب آنکھوں میں

باقر آگاہ ویلوری

نہیں ہے اشک سے یہ خون ناب آنکھوں میں

بھرا ہے رنگ سے تیرے شہاب آنکھوں میں

کہاں نکل سکے آنسو نظر کو جائے نہیں

رکھا ہوں شکل کو تیری میں داب آنکھوں میں

الوہی کس کی تجلی سے ہو گیا ہوں دو چار

جھمک رہا ہے سدا ماہتاب آنکھوں میں

ہوئے ہیں جب سے وہ کیف نگہ کے آئنہ دار

بجائے اشک بھری ہے شراب آنکھوں میں

عمل سے اپنی زباں کس طرح نہ ہو بیکار

جہاں ہو رسم سوال و جواب آنکھوں میں

ہوا ہوں جب سے میں اطلاق اس کے سے آگاہ

جہاں میں دیکھوں ہے واں بو تراب آنکھوں میں