Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نہیں ہے مجھ کو اے جمشید تیرے جام سے کام

مسکین شاہ

نہیں ہے مجھ کو اے جمشید تیرے جام سے کام

جہاں نما ہے مجھے اپنے خوش خرام سے کام

سبھی تو دین و دنیا کا کام کرتے ہیں

مجھے نہ دین نہ دنیا کے انتظام سے کام

حرم میں شیخ ہیں اور دیر میں برہمن ہیں

ہمیں نہیں ہے انہوں کے کوئی کلام سے کام

کنشت دل میں ہے اک جوش بت پرستی کا

مجھے بتوں کی ہے خدمت میں رام رام سے کام

غرض نہ کفر سے کچھ ہے نہ دین سے مطلب

نہ ہے حلال سے نا ہے ہمیں حرام سے کام

صنم کے روبرو رہنا مجھے غنیمت ہے

نہ شرم ننگ سے کچھ ہے مجھے نہ نام سے کام

خفا بھی ہو کے جو دیکھے تو سر نثار کروں

اگر نہ دیکھے تو پھر بھی ہے اک سلام سے کام

سنا سنا کے جو کرتا ہے وعظ حسن بیاں

پڑا ہے تجھ کو ہمیشہ یہ فہم خام سے کام

تو اپنے بکنے سے مسکیںؔ نہ ہم سے دور ہوا

تجھے تو بکنے سے مجھ کو ہے اپنے کام سے کام