Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نہیں ہے امن کا دنیا میں اب مقام کوئی

راغب بدایونی

نہیں ہے امن کا دنیا میں اب مقام کوئی

خدا خدا کہے کوئی کہ رام رام کوئی

مرے بنائے تو بنتا نہیں ہے کام کوئی

وہ کارساز کرے اس کا انتظام کوئی

نہ ہوگا بزم کا باتوں سے انتظام کوئی

خود اپنی بات پہ تجھ کو نہیں قیام کوئی

تمہارے ہو کے جو ہم ذلتیں اٹھاتے ہیں

ذلیل ہوگا کسی کا نہ یوں غلام کوئی

اٹھاؤ تیغ سزا دو رقیب مفسد کو

نصیحتوں سے ہوا ہے کب انتظام کوئی

چھری سے رحم کرے پہلے کس پر اب صیاد

کوئی قفس میں تڑپتا ہے زیر دام کوئی

یہ مجھ سے آنکھ ملاتا نہیں ہے کیوں ساقی

مرے نصیب کا شاید نہیں ہے جام کوئی

جو نام لیتے ہیں تیرا وہ قتل ہوتے ہیں

نہیں مرے گا جو لے گا نہ تیرا نام کوئی

کچھ اور کیجیے تدبیر کام کی راغبؔ

کہ ہائے ہائے سے بنتا نہیں ہے کام کوئی