Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

وجود اب مرا لا فنا ہو گیا

ساحر دہلوی

وجود اب مرا لا فنا ہو گیا

فنا ہو کے جزو بقا ہو گیا

مقدس ہے عالم میں ذوق فنا

کہ عقدہ دو عالم کا وا ہو گیا

ہوا آشکارا عدم سے وجود

لکھا تھا جو تقدیر کا ہو گیا

نہ ہم تھے نہ ہنگامۂ کائنات

کھلی آنکھ اور خواب سا ہو گیا

حقیقت ہوا رفتہ رفتہ مجاز

رسا طالع نارسا ہو گیا

ترا آستانہ حرم ہو کہ دیر

مساوات شاہ و گدا ہو گیا

نہ کچھ ہوش اپنا نہ ہے کچھ خبر

خدا جانے ساحرؔ کو کیا ہو گیا