Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

آج پھر اس گلی میں جاتے ہیں

سید امیر حسن بدر

آج پھر اس گلی میں جاتے ہیں

اپنی قسمت کو آزماتے ہیں

لب شیریں سے دیتے ہیں دشنام

شہد میں زہر وہ ملاتے ہیں

کیجئے وار تیغ ابرو کا

سر تسلیم ہم جھکاتے ہیں

عشق میں ہو گئے ہیں ہم مزدور

ناز محبوبوں کے اٹھاتے ہیں

مجھ کو گھائل جو ان کو کرنا ہے

زہر میں تیغ کو بجھاتے ہیں

وہ برس پڑتے ہیں اگر مجھ پر

میرے دل کی لگی بجھاتے ہیں

زلف چھو لی جو میں نے وہ بولے

تم سے گستاخ مار کھاتے ہیں

ہجر میں کیا کہیں غذا کیا ہے

غم جاں کاہ روز کھاتے ہیں

مجھ سے رونق ہے ان کی محفل کی

شمع ساں مجھ کو وہ جلاتے ہیں

بعد مردن یہ ان کی دل سوزی

شمع لے کر لحد پہ آتے ہیں

ترک عشق بتاں کیا اے بدرؔ

اب مدینہ کو ہم تو جاتے ہیں