Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

واعظ کے میں ضرور ڈرانے سے ڈر گیا

وزیر علی صبا لکھنؤی

واعظ کے میں ضرور ڈرانے سے ڈر گیا

جام شراب لائے بھی ساقی کدھر گیا

بلبل کہاں بہار کہاں باغباں کہاں

وہ دن گزر گئے وہ زمانہ گزر گیا

ایسی ہوا چلی مری آہوں کی رات کو

سب آسماں پہ خرمن انجم بکھر گیا

اچھا ہوا جو ہو گئے وحدت پرست ہم

فتنہ گیا فساد گیا شور و شر گیا

کعبے کی سمت سجدہ کیا دل کو چھوڑ کر

تو کس طرف تھا دھیان ہمارا کدھر گیا

پھر سیر لالہ زار کو ہم اے صباؔ چلے

آئی بہار داغ جنوں پھر ابھر گیا