Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نیم بسمل کی کیا ادا ہے یہ

گویا فقیر محمد

نیم بسمل کی کیا ادا ہے یہ

عاشقو لوٹنے کی جا ہے یہ

شب وصل صنم ولا ہے یہ

بوسے ہونٹوں کی لے مزا ہے یہ

دل کو کیوں پائمال کرتے ہو

نہ تو سبزہ ہی نہ حنا ہے یہ

کاٹ کر سر لگائیے ٹھوکر

قتل عاشق کا خوں بہا ہے یہ

دود دل کیوں نہ رشک سنبل ہو

آتش حسن سے جلا ہے یہ

زلف میں کیوں نہ دل رہے بیدار

لیلۃ القدر سے سوا ہے یہ

آنکھیں اس کی سیاہ ہیں از خود

توتیا کس کا توتیا ہے یہ

کیا ہے نام خدا ہے میرا صنم

بت جسے کہتے ہیں خدا ہے یہ

زلف میں دل مدام رہتا ہے

دیکھنا کس کے سر چڑھا ہے یہ

در پہ نالاں جو ہوں تو کہتا ہے

پوچھو کیا چیز بیچتا ہے یہ

چومتا ہوں میں اپنے دل کے قدم

بوسۂ یار کا گدا ہے یہ

دفن مسجد میں میرے دل کو کرو

طاق ابرو پہ مر گیا ہے یہ

طاق ابروئے یار کو دیکھوں

عین کعبے میں التجا ہے یہ

قد جاناں نہیں قیامت ہے

زلف جاناں نہیں بلا ہے یہ

گو صنم مردے زندے کرتا ہے

کون کافر کہے خدا ہے یہ

ہو شہادت نصیب گویاؔ کو

فدوی شاہ کربلا ہے یہ