Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

وار اور پھر وار کس کا آپ کی تلوار کا

فروغ حیدرآبادی

وار اور پھر وار کس کا آپ کی تلوار کا

اب رفو مشکل سے ہوگا زخم دامن دار کا

خون رونا بے گناہی پر تری تلوار کا

اور ہنس دینا ہمارے زخم دامن دار کا

کس قدر لپکا ہے چشم شوق کو دیدار کا

بن گیا تار نظر آخر تصور یار کا

سیج پر گزری مگر گزری شب وصل اس طرح

چٹکیاں لیتا رہا دھڑکا فراق یار کا

رشک دشمن ہی سے بھڑکی آتش عشق حبیب

پھول کی وقعت بڑھاتا ہے کھٹکنا خار کا

جاؤ اپنی راہ لو قاتل یوں ہی ہوتے ہیں کیا

آج تک تم کو نہ آیا باندھنا تلوار کا

دل ہمارا آپ ہی بڑھ کر نشانہ ہو گیا

تیر چلنے بھی نہ پایا تھا نگاہ یار کا

قتل گہہ میں کام کر جاتا ہے تیرا بانکپن

وار ہو جاتا ہے ہر انداز میں تلوار کا

بڑھ گیا تیری کھچاوٹ کا یہاں تک تو اثر

مجھ سے اب کھنچتا ہے سایہ بھی تری دیوار کا

درد الفت کو چھپایا راز الفت کی طرح

واہ کیا کہنا ہمارے زخم دامن دار کا

پاس تو آؤ تمہیں کیا کھائے جاتا ہے فروغؔ

جان عاشق وہ تو بھوکا ہے فقط دیدار کا