Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

وہ محبت وہ دل وہ خو ہی نہیں

منیر بھوپالی

وہ محبت وہ دل وہ خو ہی نہیں

واقعہ ہے کہ تو وہ تو ہی نہیں

کب وہ ایفائے عہد کرتے ہیں

جب یہاں دل میں آرزو ہی نہیں

التفات ستم نما ہے یہ

آج وہ طرز گفتگو ہی نہیں

ہائے کیا دن تھے وہ مسرت کے

جب یہ کہتے تھے آرزو ہی نہیں

ذرہ ذرہ ہے پرتو لمعات

چشم جلوہ شناس تو ہی نہیں

کب وہ آئے ہیں پوچھنے احوال

جب یہاں تاب گفتگو ہی نہیں

آنکھ میں پھر کہاں سے آتا ہے

جب کہیں جسم میں لہو ہی نہیں

خواہش وصل خامکاری ہے

دل سے نکلے وہ آرزو ہی نہیں

غفلت جرأت آزما بے سود

کہ یہاں پائے جستجو ہی نہیں

سنگ در بھی رہا ہے صرف جبیں

شاہد سجدہ خاک کو ہی نہیں

سر نہ کٹ کر گرے تو سجدہ کیا

خون سے جو نہ ہو وضو ہی نہیں

ان کا ملنا منیرؔ آساں ہے

سچ تو یہ ہے کہ جستجو ہی نہیں