Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

وہ میری جان ہے دل سے کبھی جدا نہ ہوا

یوسف ظفر

وہ میری جان ہے دل سے کبھی جدا نہ ہوا

کہ اس کا غم ہی مری زیست کا بہا نہ ہوا

نظر نے جھک کے کہا مجھ سے کیا دم رخصت

میں سوچتا ہوں کہ کس دل سے وہ روانہ ہوا

نم صبا مئے مہتاب عطر زلف شمیم

وہ کیا گیا کہ کوئی کارواں روانہ ہوا

وہ یاد یاد میں جھلکا ہے آئنے کی طرح

اس آئنہ میں کبھی اپنا سامنا نہ ہوا

وہ چند ساعتیں جو اس کے ساتھ گزری ہیں

انہی کا دور رہا اور جاودانہ ہوا

میں اس کے ہجر کی تاریکیوں میں ڈوبا تھا

وہ آیا گھر میں مرے اور چراغ خانہ ہوا

وہ لوٹ آیا ہے یا میری خود فریبی ہے

نگاہ کہتی ہے دیکھے اسے زمانہ ہوا

میں اپنے درد کی نسبت کو دل سمجھتا ہوں

قفس جو ٹوٹ گیا میرا آشیانہ ہوا

اسی کی یاد ہے سرمایۂ حیات ظفرؔ

نہیں تو میرا ہے کیا میں ہوا ہوا نہ ہوا