Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

وہ کہاں جلوۂ جاں بخش بتان دہلی

میر مہدی مجروح

وہ کہاں جلوۂ جاں بخش بتان دہلی

کیوں کہ جنت پہ کیا جانے گمان دہلی

ان کا بے وجہ نہیں ٹوٹ کے ہونا برباد

ڈھونڈے ہے اپنے مکینوں کو مکان دہلی

جس کے جھونکے سے صبا طبلۂ عطار بنے

ہے وہ باد سحر عطر فشان دہلی

مہر زر خاک کو کرتا ہے یہ سچ ہے لیکن

اس سے کچھ بڑھ کے ہیں صاحب نظران دہلی

آئنہ ساز سکندر ہے تو جم جام فروش

وسعت آباد ہے کس درجہ جہان دہلی

کر کے برباد اسے کس کو بسائے گا فلک

کیا کوئی اور بھی ہے شہر بسان دہلی

اس لیے خلد میں جانے کا ہر اک طالب ہے

کہ کچھ اک دور سے پڑتا ہے گمان دہلی

وہ ستم دیکھ چکے تھے کہ رہے آسودہ

فتنہ و حشر میں آفت زدگان دہلی

سمجھے ہیں سوئے ادب جنت ثانی کہنا

وہ کچھ اشخاص جو ہیں مرتبہ دان دہلی

سیلیٔ پنجۂ جلاد ستم سے ہے ہے

نذر بیداد ہوئے منتخبان دہلی

یا خدا حضرت غالبؔ کو سلامت رکھنا

اب اسی نام سے باقی ہے نشان دہلی

کربت غربت و تنہائی و شب ہائے دراز

اور مجروحؔ دل افگار بیان دہلی