Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

وہاں پہنچ کے یہ کہنا صبا سلام کے بعد

آسی غازی پوری

وہاں پہنچ کے یہ کہنا صبا سلام کے بعد

کہ تیرے نام کی رٹ ہے خدا کے نام کے بعد

وہاں بھی وعدۂ دیدار اس طرح ٹالا

کہ خاص لوگ طلب ہوں گے بار عام کے بعد

گناہ گار کی سن لو تو صاف صاف یہ ہے

کہ لطف رحم و کرم کیا پھر انتقام کے بعد

طلب تمام ہو مطلوب کی اگر حد ہو

لگا ہوا ہے یہاں کوچ ہر مقام کے بعد

وہ خط وہ چہرہ وہ زلف سیاہ تو دیکھو

کہ شام صبح کے بعد آئے صبح شام کے بعد

پیامبر کو روانہ کیا تو رشک آیا

نہ ہم کلام ہو اس سے مرے کلام کے بعد

ابھی تو دیکھتے ہیں ظرف بادہ خواروں کا

سبو و خم کی بھی ٹھہرے گی دور جام کے بعد

الٰہی آسیؔ بیتاب کس سے چھوٹا ہے

کہ خط میں روز قیامت لکھا ہے نام کے بعد