Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

پاس رہ کر دیکھنا تیرا بڑا ارمان ہے

میر سوز

پاس رہ کر دیکھنا تیرا بڑا ارمان ہے

مجھ کو سب مشکل ہے پیارے تجھ کو سب آسان ہے

اے مرے بدمست مت کر تو غزالوں کا شکار

لے نہ میرے دل کو چکھ یہ زور ہی بریان ہے

کیا دعا دیتے ہو میاں جیتے رہو جیتے رہو

زندگانی تو نہیں انگریز کا زندان ہے

ایک بوسہ مچ مچا کر بیچ سے ہونٹوں کے دے

پھر اگر دل تجھ سے مانگوں جان بھی نادان ہے

جس کی نیت میں دغا ہے آپ ہوتا ہے خراب

خوشۂ گندم کو دیکھو کب سے داتا دان ہے

آہ کچھ چبھتا ہے اٹھتے بیٹھتے سینے کے بیچ

چیر کے دیکھو تو یہ الماس کا پیکان ہے

میرے سمجھانے کو آیا ہے بغل میں لے کتاب

ناک میں لایا ہے دم ناصح کوئی شیطان ہے

سوزؔ کا رتبہ کہاں پہنچا ہے جو تیری رضا

لوگ یہ کہتے ہیں اب تو صاحب دیوان ہے