Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

پھول اللہ نے بنائے ہیں مہکنے کے لیے

عیش دہلوی

پھول اللہ نے بنائے ہیں مہکنے کے لیے

اور بلبل کو بنایا ہے چہکنے کے لیے

آتش غم سے بنایا ہے مرے سینے میں

دل کو انگارے کی مانند دہکنے کے لیے

بچے کمبخت وہ دل کیونکہ بھلا جس دل کے

مستعد ہو نگۂ شوخ اچکنے کے لیے

رند کہتے ہیں کہ خالق نے کیا ہے پیدا

رات دن ناصح بیہودہ کو بکنے کے لیے

رحم اے چشم بنایا ہے کہیں کیا دل کو

قطرۂ اشک ہو مژگاں سے ٹپکنے کے لیے

شیخ کو رندوں سے کہہ دو کہ نظر میں رکھیں

کیونکہ اب ڈھونڈے ہے قابو وہ کھسکنے کے لیے

عیشؔ بتلا تو بنا ہے دل حیراں تیرا

مثل آئینہ یہ کس شکل کے تکنے کے لیے