Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

پھرتا رہتا ہوں میں ہر لحظہ پس جام شراب

حکیم محمد اجمل خاں شیدا

پھرتا رہتا ہوں میں ہر لحظہ پس جام شراب

مجھ کو بد نام کرے گی ہوس جام شراب

قافلہ عیش کا تیار ہے رندوں کے لیے

قلقل شیشۂ مے ہے جرس جام شراب

جنبش باد سحر سے ہے تموج مے میں

قوت جان حزیں ہے نفس جام شراب

خم لنڈھا دوں تو نہ چکرائے کبھی سر میرا

ایک جرعہ میں گیا بو الہوس جام شراب

مجھ سے پوچھو اثر بادۂ گلگوں واعظ

میں ہوں رندوں میں بہت نکتہ رس جام شراب

ٹکٹکی باندھ کے دیکھا کیا اتنا کہ بنا

سایۂ مردم دیدہ مگس جام شراب

مے نہ ہو بو ہی سہی کچھ تو ہو رندوں کے لئے

اسی حیلہ سے بجھے گی ہوس جام شراب

زلف مشکیں کے لیے بو جو چلی آتی ہے

ہے نسیم سحری ہم نفس جام شراب

ہم نے رندوں کا مقولہ یہ سنا ہے شیداؔ

صحبت عیش میں زاہد ہے خس جام شراب