Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

چرچا ہمارا عشق نے کیوں جا بجا کیا

حکیم محمد اجمل خاں شیدا

چرچا ہمارا عشق نے کیوں جا بجا کیا

دل اس کو دے دیا تو بھلا کیا برا کیا

اب کھولیے کتاب نصیحت کو شیخ پھر

شب مے کدہ میں آپ نے جو کچھ کیا کیا

وہ خواب ناز میں تھے مرا دیدۂ نیاز

دیکھا کیا اور ان کی بلائیں لیا کیا

روز ازل سے تا بہ ابد اپنی جیب کا

تھا ایک چاک جس کو میں بیٹھا سیا کیا

دیکھے جو داغ دامن عصیاں پہ بے شمار

میں نے بھی جوش گریہ سے طوفاں بپا کیا

گم کردہ راہ آئے ہیں وہ آج میرے گھر

اے میری آہ نیم شبی تو نے کیا کیا

کیا پوچھتے ہو دست قناعت کی کوتہی

کچھ وا شب وصال میں بند قبا کیا

لذت ہی تھی کچھ ایسی کہ چھوڑا نہ صبر کو

کرتے رہے وہ جور و ستم میں سہا کیا

کیا شے تھی وہ جو آنکھ سے دل میں اتر گئی

دل سے اٹھی تو اشک کا طوفاں بپا کیا

پھر لے چلا ہے کل مجھے کیوں بزم یار میں

ایجاد اس نے کیا کوئی طرز جفا کیا

شیداؔ غزل پڑھو کوئی مجلس میں دوسری

اک پڑھ کے رہ گئے تو بھلا تم نے کیا کیا