Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

چراغ حسن ہے روشن کسی کا

بیان میرٹھی

چراغ حسن ہے روشن کسی کا

ہمارا خون ہے روغن کسی کا

ابھی نادان ہیں محشر کے فتنے

رہیں تھامے ہوئے دامن کسی کا

دل آیا ہے قیامت ہے مرا دل

اٹھے تعظیم دے جوبن کسی کا

یہ محشر اور یہ محشر کے فتنے

کسی کی شوخیاں بچپن کسی کا

ادائیں تا ابد بکھری پڑی ہیں

ازل میں پھٹ پڑا جوبن کسی کا

کیا تلوار نے گھونگھٹ مرے بعد

نہ منہ دیکھے گی یہ دلہن کسی کا

ہماری خاک محشر تک اڑی ہے

نہ ہاتھ آیا مگر دامن کسی کا

بجائے گل مری تربت پہ ہوں خار

کہ الجھے گوشۂ دامن کسی کا

بیاںؔ برق بلا چتون کسی کی

دل پر آرزو خرمن کسی کا