Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

چشم ظاہر سے رخ یار کا پردہ دیکھا

حسن بریلوی

چشم ظاہر سے رخ یار کا پردہ دیکھا

آنکھیں جب پھوٹ گئیں تب یہ تماشا دیکھا

دیکھنا یہ ہے کہ ہم نے تمہیں کیسا چاہا

پوچھنا یہ ہے کہ تم نے ہمیں کیسا دیکھا

پھر جلاؤ گے کبھی طالب دیدار کا خط

سیکڑوں آنکھوں سے اس نے تمہیں دیکھا دیکھا

کان وہ کان ہے جس نے تری آواز سنی

آنکھ وہ آنکھ ہے جس نے ترا جلوہ دیکھا

آپ کہتے ہیں کہ جا دیکھ لیا دل تیرا

کہیے تو اپنے سوا دل میں مرے کیا دیکھا

تم خبر بھی نہ ہوئے خانہ بدوشوں سے کبھی

ہم نے گھر پھونک دیا سب نے تماشا دیکھا

جن سے ہوں سوختہ جانوں کے کلیجے ٹھنڈے

انہیں جلووں سے حسنؔ طور کو جلتا دیکھا