Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

چلتا ہے آفتاب کا دور اس قمر کے ساتھ

نواب امراوبہادر دلیر

چلتا ہے آفتاب کا دور اس قمر کے ساتھ

ہم عیب بھی جو کرتے ہیں تو اک ہنر کے ساتھ

کیوں کر کسی کے روز جزا چھپ سکیں گے جرم

خفیہ نویس دودو ہیں ہر اک بشر کے ساتھ

رکھ لینا یا خدا مری تر دامنی کی شرم

بادل برستے آئیں دعا کے اثر کے ساتھ

ان روزوں خانداں کو کوئی پوچھتا نہیں

عزت ہے آدمی کی بس اب سیم و زر کے ساتھ

ہاتھوں میں چاہتے ہو حنا کا جو شوخ رنگ

مہندی کو پیس لو مرے زخم جگر کے ساتھ

باقی خمار رات کا اب تک ہے ساقیا

گردش میں جام بھی رہے دوران سر کے ساتھ

فضل خدا کا دیکھنا واعظ کہ روز حشر

جنت میں ہم بھی جائیں گے خیر البشر کے ساتھ

خط دے کے نامہ بر کو یہ کہتا ہے شوق دل

اچھا تو ہے کہ خود بھی چلوں نامہ بر کے ساتھ

بچنا دل و جگر کا بتوں سے محال ہے

تیر مژہ بھی چلتے ہیں تیغ نظر کے ساتھ

افسوس اب کسی کا کوئی قدرداں نہیں

جوہر شناس اٹھ گئے اہل ہنر کے ساتھ

کرتے نہ ہم کسی کی اطاعت کبھی دلیرؔ

معشوق ہم کو ملتے اگر زور و زر کے ساتھ