Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

چھپ گیا یار خود نما ہو کر

حسن بریلوی

چھپ گیا یار خود نما ہو کر

رہ گئی چشم شوق وا ہو کر

بے قراروں سے ان کو شرم آئی

شوخیاں رہ گئیں حیا ہو کر

کیا کہوں کیا ہے میرے دل کی خوشی

تم چلے جاؤ گے خفا ہو کر

روٹھ کر ان سے ہم کہاں جیتیں

وہ منا لیتے ہیں خفا ہو کر

پھنس گیا دل تو چھوڑ دو ہم کو

اب کہاں جائیں گے رہا ہو کر

دل سے کچھ کہہ رہی ہیں وہ آنکھیں

دیکھیں کیا ٹھہرے مشورا ہو کر

ہاتھ اٹھا کر تلاش دل سے حسنؔ

بیٹھ رہئے شکستہ پا ہو کر