Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

چھوٹی سی برقعہ والی

رفیعی اجمیری

وہ دیکھو جا رہی ہے چھوٹی سی برقع والی

برقع لٹک رہا ہے دامن گھسٹ رہا ہے

نیچے کا سارا حصہ مٹی میں اٹ رہا ہے

یہ ڈھیلا ڈھالا برقع دب دب کے پھٹ رہا ہے

ہر مرتبہ ہوا سے مقنع الٹ رہا ہے

پر ڈالے جا رہی ہے چھوٹی سی برقع والی

صورت سے سن میں بیگم سات آٹھ سال ہوں گی

پردہ کی پر یہ بولو دل میں نہال ہوں گی

یہ دھوم دھام ماما جو بن کے جا رہی ہیں

گھر جاتے جاتے بانو بے شک نڈھال ہوں گی

آہا وہ جا رہی ہے چھوٹی سی برقع والی

پردہ کا اتنا سن میں اللہ خیال دیکھو

جالی سے ہو رہا ہے چلنا محال دیکھو

مغلانی بی بھی ہیں ساتھ اور ہو رہی ہیں باتیں

اور یہ سٹر پٹر سی جلدی کی چال دیکھو

لو مسکرا رہی ہے چھوٹی سی برقع والی

وہ دیکھو جا رہی ہے چھوٹی سی برقع والی