Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کالی کالی گھٹا برستی ہے

سردار گینڈا سنگھ مشرقی

کالی کالی گھٹا برستی ہے

آج کیا لطف مے پرستی ہے

خوش لگے دل کو کیوں نہ ویرانہ

عاشقوں کی یہی تو بستی ہے

آج محفل میں یہ خیال رہے

کس کی جانب سے پیش دستی ہے

جب کہ اس کا بھی ہے مآل یہی

مے پرستی بھی فاقہ مستی ہے

ایک تیر نظر ادھر مارو

دل ترستا ہے جاں ترستی ہے

بوسہ ملتا ہے جان کے بدلے

مشرقیؔ خوب جنس سستی ہے