Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کالی گھٹا کب آئے گی فصل بہار میں

سردار گینڈا سنگھ مشرقی

کالی گھٹا کب آئے گی فصل بہار میں

آنکھیں سفید ہو گئیں اس انتظار میں

کیوں کر قرار آئے دل بے قرار میں

تم پورے کب اترتے ہو قول و قرار میں

تاریک دشت ہو گیا آنکھوں میں قیس کی

پنہاں ہوا جو ناقۂ لیلیٰ غبار میں

آئے کبھی نہ پھر تجھے سیر چمن میں لطف

بیٹھے اگر تو آ کے دل داغدار میں

لازم نہیں کہ مرد مصیبت میں ہو ملول

خنداں ہمیشہ رہتا ہے گل خارزار میں

ہے یہ کسی کی چشم سیہ مست کا اثر

توبہ بھی لڑکھڑانے لگی ہے بہار میں

ہوتے وہاں جو داغؔ تو دلی بھی دیکھتے

اب کیا کریں گے جا کے اس اجڑے دیار میں

کیا خاک اپنے دل کو تمنائے شعر ہو

جز خار کچھ نہیں چمن روزگار میں

جز داغؔ آج بلبل ہندوستاں ہے کون

کہتے ہیں ہم پکار کے یہ سو ہزار میں

اے مشرقیؔ نصیب نہ سوئے دعا ہے یہ

کیا غم جو جاگتا ہوں شب انتظار میں