Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کس طرح پر ایسے بد خو سے صفائی کیجیے

رجب علی بیگ سرور

کس طرح پر ایسے بد خو سے صفائی کیجیے

جس کی طینت میں یہی ہو کج ادائی کیجیے

جب مسیحا کی ہو مرضی کج ادائی کیجیے

اس جگہ کیا درد دل کی پھر دوائی کیجیے

اس سے کھنچ رہتا ہوں جب تب یہ کہے ہے مجھ سے دل

عاشقی یا کیجیے یا میرزائی کیجیے

گر یہ دل اپنا کہے میں اپنے ہووے ناصحا

بیٹھ کر کنج قناعت میں خدائی کیجیے

کیا یہی تھی شرط کچھ انصاف کی اے تند خو

جو بھلا ہو آپ سے اس سے برائی کیجیے

وہ بھلا چنگا ہوا برگشتہ مجھ سے اور بھی

کیا بیاں نالے کی اپنے نارسائی کیجیے

کھا گیا لغزش قدم ایسا بتوں کو دیکھ کر

جی میں یہ آیا کہ ترک پارسائی کیجیے

عکس ہو معلوم اس کا گھر ہی بیٹھے اے سرورؔ

پہلے زنگ دل کی جب اپنے صفائی کیجیے