Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کرو نہ دیر جہاں میں جہاں سے آگے چلو

امیر اللہ تسلیم

کرو نہ دیر جہاں میں جہاں سے آگے چلو

یہاں گمان خطر ہے قدم بڑھائے چلو

یہاں فریب نشیب و فراز اکثر ہے

خدا کے واسطے اتنا نہ منہ اٹھائے چلو

شکستہ پا ہوں کہیں ساتھ سے نہ رہ جاؤں

مجھے بھی ہاتھ ذرا دوستو لگائے چلو

ابھی تو حسن عمل کا زمانہ باقی ہے

وہاں کی بگڑی ہوئی کچھ یہیں بنائے چلو

ادھر ادھر کہیں بھر کر ترارہ جا نہ پڑے

سمند عمر رواں کو ذرا دبائے چلو

عدم میں ترسو گے درد جگر کو اے تسلیمؔ

جو ہو سکے کوئی سینہ پہ تیر کھائے چلو