Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کروں کس سے فریاد کیا ہو گیا

سید ہمایوں میرزا حقیر

کروں کس سے فریاد کیا ہو گیا

مرا یار مجھ سے جدا ہو گیا

کریں کیا کہ دل ہاتھ سے جا چکا

جو ہونا مقدر میں تھا ہو گیا

مرا جو غم ہجر میں وہ جیا

کہ زندان غم سے رہا ہو گیا

مرے سامنے غیر سے اختلاط

مروت کا بس خاتمہ ہو گیا

کہوں عشق پروانہ کیا شمع سے

وہ روشن رہی خود فنا ہو گیا

حقیرؔ آگے پیتا تھا مے خم کے خم

میں سنتا ہوں اب پارسا ہو گیا