Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کس ناز سے واہ ہم کو مارا

گویا فقیر محمد

کس ناز سے واہ ہم کو مارا

کی ترچھی نگاہ ہم کو مارا

سو پیچ میں لا کے آخر کار

اے زلف سیاہ ہم کو مارا

خواہندہ ترے تھے اے پری ہم

کیوں خواہ نہ خواہ ہم کو مارا

کعبے کو جو ہم چلے بتوں نے

کہہ کر گمراہ ہم کو مارا

شکوہ ہمیں کچھ نہیں فلک سے

تو نے اے ماہ ہم کو مارا

چاہ زقن صنم دکھا کر

تو نے اے چاہ ہم کو مارا

ایسے ہیں ضعیف مر گئے ہم

جس نے پر کاہ ہم کو مارا

اس کی زلف دراز نے شب

قصۂ کوتاہ ہم کو مارا

شمشیر نگہ سے اس نے بے موت

خالق ہے گواہ ہم کو مارا

بوسہ کی طلب میں اس نے گویاؔ

نا کردہ گناہ ہم کو مارا