Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کسی مست خواب کا ہے عبث انتظار سو جا

سرور جہاں آبادی

کسی مست خواب کا ہے عبث انتظار سو جا

کہ گزر گئی شب آدھی دل بے قرار سو جا

یہ نسیم ٹھنڈی ٹھنڈی یہ ہوا کے سرد جھونکے

تجھے دے رہے ہیں لوری مرے غم گسار سو جا

یہ تری صدائے نالہ مجھے متہم نہ کر دے

مرے پردہ دار سو جا مرے راز دار سو جا

مجھے خوں رلا رہا ہے ترا دم بدم تڑپنا

ترے غم میں آہ کب سے میں ہوں اشک بار سو جا

ابھی دھان پان ہے تو نہیں عاشقی کے قابل

یہ تپش کا آہ شیوہ نہ کر اختیار سو جا

نہ تڑپ زمیں پہ ظالم تجھے گود میں اٹھا لوں

تجھے سینے سے لگا لوں تجھے کر لوں پیار سو جا

تجھے جن کا ہے تصور ارے مست جام الفت

انہیں انکھڑیوں کے صدقے مرے بادہ خوار سو جا

تجھے پہلا سابقہ ہے شب غم بری بلا ہے

کہیں مر مٹے نہ ظالم دل بے قرار سو جا