Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کسی سے عشق دشمن کا گلہ کیا

ہاجر دہلوی

کسی سے عشق دشمن کا گلہ کیا

نہیں جب ربط تو پھر مدعا کیا

ہر اک شے میں تجھی کو دیکھتے ہیں

ہمارے واسطے اچھا برا کیا

ضرورت کیا ہے سمجھے کون زاہد

روا کیا ہے یہاں پر ناروا کیا

اسے ظالم سمجھ کر دل دیا تھا

تو پھر اب کم نگاہی کا گلہ کیا

غم دنیا کی مانا ہے دوا عشق

مگر پھر درد الفت کی دوا کیا

بہت پچھتائے تم سے دل لگا کر

بجز رنج و الم ہم کو ملا کیا

نہ ہوگی کیا کبھی امید پوری

نہ ہوگا مہرباں وہ بے وفا کیا

سبھی انسان ہیں اللہ کے بندے

جہاں میں آشنا نا آشنا کیا

فقط اک دل ہے وہ ہے نذر تیری

ہمارے پاس ہے اس کے سوا کیا

نگاہ ناز سے دل بچ بھی جائے

مگر گھائل نہ کر دے گی ادا کیا

لٹا کر چل دیا گھر بار ہاجرؔ

اسے بیٹھے بٹھائے یہ ہوا کیا