Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کعبے ہی کا اب قصد یہ گمراہ کرے گا

میر سوز

کعبے ہی کا اب قصد یہ گمراہ کرے گا

جو تم سے بتاں ہوگا سو اللہ کرے گا

زلفوں سے پڑا طول میں اب عشق کا جھگڑا

خط آن کے یہ مجہلہ کوتاہ کرے گا

بوسے کی طلب سے تو رہے گا تبھی اے دل

جب گالیاں دو چار وہ تنخواہ کرے گا

آئینے کو ٹک بھر کے نظر دیکھ تو پیارے

وہ تجھ کو مرے حال سے آگاہ کرے گا

احوال دل زار تجھے ہووے گا معلوم

جب تو کسی مہ وش کی میاں چاہ کرے گا

واہی نہ سمجھ سوزؔ کے پیماں کو تو اے یار

جو تجھ سے کیا عہد سو نرباہ کرے گا