Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کشش حسن کی یہ انجمن آرائی ہے

احسن مارہروی

کشش حسن کی یہ انجمن آرائی ہے

ساری دنیا ترے کوچے میں سمٹ آئی ہے

درد نے کھوے ہوئے دل کی جگہ پائی ہے

اک بلا سر سے گئی ایک بلا آئی ہے

جاں نثاروں کو سہارا جو نہ جینے کا ملا

کوئے قاتل میں قضا کھینچ کے لے آئی ہے

میں چھپاتا ہوں غم عشق تو بنتا نہیں کام

اور کہتا ہوں تو گویا مری رسوائی ہے

جگر و دل میں ترازو نہ ہو کیوں ناوک ناز

اس کو دونوں سے برابر کی شناسائی ہے

دل یہ کہتا ہے وہاں جا کے سنبھل جاؤں گا

میں یہ کہتا ہوں کہ بد بخت کی موت آئی ہے

بن کے ناصح وہ یہ کہتے ہیں محبت نہ کرو

مجھ کو مرنے نہیں دیتے یہ مسیحائی ہے

سب جسے داغ دل و زخم جگر کہتے ہیں

وہ مرے ناخن غم کی چمن آرائی ہے

کیا ہے دنیا میں نمود اور نمائش کے سوا

زندگی ہم کو تماشے کے لیے لائی ہے

عشق رسوا کن عالم وہ ہے احسنؔ جس سے

نیک ناموں کی بھی بد نامی و رسوائی ہے