Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کسی کے حسن عالم تاب کی تنویر کے صدقے

پنڈت ہری چند اختر

کسی کے حسن عالم تاب کی تنویر کے صدقے

کسی بد بخت کی صورت بھی پہچانی نہیں جاتی

مروت کی ادا پر بند آنکھیں کر کے لٹ جانا

یہ نادانی سہی لیکن یہ نادانی نہیں جاتی

وہاں دل لے چلا ہے پھر وہی اک بات کہنے کو

کہی جاتی ہے جو اکثر مگر مانی نہیں جاتی

خداوندا پھر آخر کیا تمنا ہے مرے دل کی

وہ پہلو میں بھی ہیں لیکن پریشانی نہیں جاتی

کیا تھا میں نے شکوہ آپ نے آنکھیں جھکا لی تھیں

ہوئی مدت مگر اب تک پشیمانی نہیں جاتی

وہی ہے اپنی رندی اور وہی واعظ کی فہمائش

بری عادت کوئی بھی ہو بہ آسانی نہیں جاتی