Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کسی کے نقش قدم کا نشاں نہیں ملتا

باسط بھوپالی

کسی کے نقش قدم کا نشاں نہیں ملتا

وہ رہ گزر ہوں جسے کارواں نہیں ملتا

قدم قدم پہ تری راہ میں فلک حائل

مجھے تلاش سے بھی آسماں نہیں ملتا

انہیں طریقۂ لطف و کرم نہیں معلوم

ہمیں سلیقۂ آہ و فغاں نہیں ملتا

عروس دہر کو غازہ بھی چاہئے لیکن

غبار جادۂ امن و اماں نہیں ملتا

دھڑک رہا ہے ہر اہل وفا کے سینے میں

ہمارا درد بھرا دل کہاں نہیں ملتا

سبھی کو دعوئے مہر و وفا ہے دنیا میں

جو مہرباں نہ ہو وہ مہرباں نہیں ملتا

غم حیات کے پر ہول قہقہوں کے سوا

کہیں سے اپنا جواب فغاں نہیں ملتا

دل شکستہ کو لے جائیے کہاں باسطؔ

دماغ نخوت شیشہ گراں نہیں ملتا