Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کلام سخت کہہ کہہ کر وہ کیا ہم پر برستے ہیں

سید یوسف علی خاں ناظم

کلام سخت کہہ کہہ کر وہ کیا ہم پر برستے ہیں

لب ان کے لعل ہیں پر لعل سے پتھر برستے ہیں

بنا گر قطرہ واں گوہر تو یاں گوہر برستے ہیں

ہمارے دیدۂ تر ابر سے بہتر برستے ہیں

عرق رخ کا نقاب رخ سے جب ٹپکا تو ہم سمجھے

کہ مہ پر چھا رہا ہے ابر اور اختر برستے ہیں

جھپکنا جس نے دیکھا ہو تری پلکوں کا وہ جانے

وگرنہ کون مانے گر کہوں خنجر برستے ہیں

تماشا دیکھ سیلاب بہاری پر حبابوں کا

اٹھا لا شیشہ ساقی ابر سے ساغر برستے ہیں

ترے در پر گدا و شہ کے غش کھا کھا کے گرنے سے

دل و جاں بہتے پھرتے ہیں سر و افسر برستے ہیں

سرشک چشم سے نالے رواں ہوتے نہیں دیکھے

کہے کون اس کو رونا دیدہ ہائے تر برستے ہیں

جلا خرمن تو کیا پر جو دھوئیں اٹھتے ہیں خرمن سے

ستم ہے بن کے بادل کشت دشمن پر برستے ہیں

مری ہستی مگر فصل بہار شعلہ ہے ناظمؔ

شرر پھلتے ہیں داغ اگتے ہیں اور اخگر برستے ہیں