Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

بیان سن نہ سکا جب کوئی بیاں کی طرح

منیر بھوپالی

بیان سن نہ سکا جب کوئی بیاں کی طرح

سنایا حال دل زار داستاں کی طرح

یہ راز عشق ہمیشہ کو راز رہ جاتا

نگاہ کام نہ کرتی اگر زباں کی طرح

کہیں ہے بوئے تمنا گل مراد کہیں

نہال دل کا ہے پھیلاؤ گلستاں کی طرح

کسی کے خندۂ بیجا کا اب نہیں شکوہ

فغاں بھی دل سے نکلتی نہیں فغاں کی طرح

خیال میں ہیں بہاریں نگاہ میں گلشن

گزر رہی ہے قفس میں بھی آشیاں کی طرح

بنی ہے دشمن ہر آرزو وہی حسرت

لگا کے سینے سے رکھتا ہوں اس کو جاں کی طرح

جبین شوق بتائے گی لذت سجدہ

نہ دیر ہے نہ حرم ان کے آستاں کی طرح

زمانہ آج بھی ناواقف حقیقت ہے

کبھی بہار چمن ہوں کبھی خزاں کی طرح

مٹا کے ہستئ دل بھی سکون دل نہ ملا

زمیں ہے سایہ فگن سر پہ آسماں کی طرح

کبھی نہ جھک کے رہیں سر بلندیاں میری

زمیں پہ عمر گزاری ہے آسماں کی طرح

منیرؔ ان کی نظر نے بدل دیا مجھ کو

کہ اب ہنسی بھی جو آتی ہے تو فغاں کی طرح