Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کوئی اس سے نہیں کہتا کہ یہ کیا بے وفائی ہے

سردار گینڈا سنگھ مشرقی

کوئی اس سے نہیں کہتا کہ یہ کیا بے وفائی ہے

چرا کر دل مرا اب آنکھ بھی اپنی چرائی ہے

اٹھو اے مے کشو آباد مے خانہ کریں چل کر

ذرا دیکھو تو کیا کالی گھٹا گھنگھور چھائی ہے

بتوں کے عشق سے ہم باز آئے ہیں نہ آئیں گے

نہیں پروا ہمیں دشمن اگر ساری خدائی ہے

نشاط دل کو دشمن کے بنائیں گے اسی سے ہم

وہ کہتے ہیں تری آہ رسا تیرا ہوائی ہے

بگڑ کر غیر سے تم آئے ہو ہم یہ سمجھتے ہیں

ہمارے سامنے بے وجہ کیوں صورت بنائی ہے

ہر اک مشکل سے مشکل کام بنتا ہے بنانے سے

مگر بگڑی ہوئی قسمت کسی نے کب بنائی ہے

خبر سن کر مرے مرنے کی وہ کہنے لگے ہنس کر

کسی دشمن نے شاید یہ خبر جھوٹی اڑائی ہے

گلوں کو نغمۂ بلبل سنائی تک نہیں دیتا

ترے دیوانوں نے وہ دھوم گلشن میں مچائی ہے

دل عاشق میں ہو اے مشرقیؔ گر جذب دل کامل

وہ بت پھر کیوں نہ مائل ہو کوئی گھر کی خدائی ہے