Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کوئل

عظیم الدین احمد

اے چیت میں آنے والی کوئل

مطلق کھلتا نہیں ترا راز

طائر تجھ کو کہے مرا دل

یا جسم سے خالی کوئی آواز

کس کے غم میں ہے تیری کو کو

بتلا ہے کون تیرا دلبر

پھرتی جو ڈال ڈال ہے تو

کس کو تو ڈھونڈھتی ہے آخر

جنگل جنگل یہ تیری پرواز

آخر کس کی تلاش میں ہے

تجھ کو ہے سوز سے مگر ساز

کیسی پر درد ہے تری لے

خلقت سوئی پڑی ہے اور جب

سارے طائر ہیں آشیاں میں

تیری پر اس گھڑی سے ہر شب

کٹتی ہے بھور تک فغاں میں

لیکن نہیں درد مند اک تو

ہے تیرا شریک ایک ناشاد

تیری ہے نصف شب سے کو کو

اس کی شب بھر ہے آہ و فریاد

دن بھر تجھ کو ہے عافیت پر

اس کو دم بھر نہیں ہے راحت

دن بھر رہتا ہے سخت مضطر

شب بھر اس پر ہے اک قیامت

پھرتی ہے تو ملک ملک اس پر

تجھ کو اتنا غم و الم ہے

جا ہی نہ سکے جو گھر سے باہر

اس پر کیسا بتا ستم ہے

لیکن یہ جان کر کہ تو بھی

کرتی ہے کسی کے غم میں فریاد

اس درد بھری صدا کو تیری

سنتا ہے پڑا عظیمؔ ناشاد