Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کن الجھنوں میں چھوڑ گئی جستجو مجھے

منیر بھوپالی

کن الجھنوں میں چھوڑ گئی جستجو مجھے

میں آرزو کو ڈھونڈھتا ہوں آرزو مجھے

امید نے بھی ہاتھ سے دامن چھڑا لیا

کیا حال ہو جو ایسے میں مل جائے تو مجھے

مقصود دل کچھ اور ہے ذوق نظر کچھ اور

کس کشمکش میں ڈال گئی آرزو مجھے

قربان بے خودی کے کیا سب سے بے نیاز

اپنی تلاش ہے نہ تری جستجو مجھے

لرزاں تھی جس خیال سے دنیائے آرزو

عالم وہ آ رہا ہے نظر ہو بہ ہو مجھے

ہر اک نفس ہے ساز محبت بنا ہوا

بخشی ہے سوز عشق نے وہ آبرو مجھے

اک مرکز جمال ہے میری نگاہ شوق

پہنچا دیا ہے کس نے ترے روبرو مجھے

شاید منیرؔ عشق کی تکمیل ہو گئی

بار گراں ہے آج ہر اک آرزو مجھے