Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کوئی رنج ہے نہ شکایتیں مجھے اپنے ہوش پریدہ سے

سراج الدین ظفر

کوئی رنج ہے نہ شکایتیں مجھے اپنے ہوش پریدہ سے

یہ وہ شمع تھی جو بھڑک اٹھی مری آہ نیم کشیدہ سے

مری وحشتوں کی ہے انتہا کہ کسی کا حسن ہے رونما

کبھی میرے دامن چاک سے کبھی میری جیب دریدہ سے

میں نمود حسن الست ہوں میں چراغ عشق بدست ہوں

یہ تجلیات بہار ہیں مرے رنگ و بوئے پریدہ سے

تری یاد میری انیس ہے تری یاد میری جلیس ہے

مری زندگی کی نمود ہے تری آرزوئے تپیدہ سے

میں حرم میں محو نیاز تھا میں بتوں میں سجدہ طراز تھا

کبھی امتیاز نہ ہو سکا مرے ذوق ہجر چشیدہ سے

کوئی آرزوئے دلی سراجؔ مراد کو نہ پہنچ سکی

کوئی پھول بار نہ پا سکا مری کشت برق رسیدہ سے